اسلام بیزاری کا طعنہ: فکری یا نظریاتی اختلاف - یا محض الزام تراشی؟ - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2026/09/11

اسلام بیزاری کا طعنہ: فکری یا نظریاتی اختلاف - یا محض الزام تراشی؟

islamophobia-accusations-intellectual-disagreement-islamic-ethics

سوشل میڈیا نے اظہارِ رائے کو جتنی وسعت دی ہے، شاید اتنی ہی آسانی سے لوگوں کو ایک دوسرے کے بارے میں فیصلے صادر کرنے کا اختیار بھی دے دیا ہے۔ کسی دینی، سماجی یا فکری مسئلے پر اختلاف ہوا نہیں کہ اصل دلیل کہیں پیچھے رہ جاتی ہے اور مخالف کی شخصیت، نیت اور عقیدے کو موضوع بنا لیا جاتا ہے۔ انہی فیصلوں میں ایک نسبتاً نیا مگر خاصا مقبول الزام "اسلام بیزاری" بھی ہے۔
کسی نے کسی مذہبی روایت پر سوال اٹھایا، کسی عالم/مفتی کی رائے سے اختلاف کیا، کسی مسلم معاشرے کے رواج پر تنقید کی یا کسی دینی تعبیر کو قبول نہیں کیا تو بسا اوقات اس کے پورے فکری وجود پر "اسلام بیزار" کا ٹھپّا لگا دیا جاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا کسی مسلمان کے بارے میں اتنا بڑا فیصلہ واقعی اتنی آسانی سے کیا جا سکتا ہے؟


اس میں شبہ نہیں کہ انسان کے خیالات اور تحریروں کا تنقیدی جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ کوئی بات قرآن و سنت کے خلاف ہو تو اسے خلافِ قرآن و سنت کہا جا سکتا ہے۔ کسی استدلال میں علمی کمزوری ہو تو اس کی نشان دہی کی جا سکتی ہے۔ کسی شخص کے متعدد بیانات میں مسلسل ایک مخصوص فکری رجحان دکھائی دے تو اس رجحان پر بھی مدلل گفتگو ممکن ہے۔
لیکن قول پر حکم اور صاحبِ قول پر حکم ایک ہی چیز نہیں۔
بالخصوص "اسلام بیزار" جیسی ترکیب محض ایک رائے کی تنقید نہیں رہتی، بلکہ اس کے باعث متعلقہ شخص کی مجموعی دینی وابستگی اور نیت کے بارے میں بھی ایک منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔ اس لیے انصاف کا کم از کم تقاضا یہ ہے کہ کسی فرد کے ایک جملے، ایک پوسٹ یا ایک اختلاف کو پکڑنے کے بجائے اس کے معلوم افکار، تحریروں اور مستقل طرزِ فکر کو مجموعی طور پر دیکھا جائے۔


اس باب میں ہمارے قدیم اہلِ علم کا ایک بنیادی اصول بڑی رہنمائی کرتا ہے۔ امام شافعیؒ سے منقول (التلخيص الحبير) ہے:
«وَقَدْ أَمَرَ اللَّهُ نَبِيَّهُ أَنْ يَحْكُمَ بِالظَّاهِرِ، وَاللَّهُ مُتَوَلِّي السَّرَائِرِ»
یعنی: اللہ نے اپنے نبی ﷺ کو ظاہر کے مطابق حکم کرنے کا حکم دیا، جبکہ باطن اور پوشیدہ احوال کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے۔


اور۔۔۔ امام ابن عبدالبرؒ کا اس سے بھی زیادہ دو ٹوک اصول یوں نقل کیا جاتا ہے:
«أَجْمَعُوا أَنَّ أَحْكَامَ الدُّنْيَا عَلَى الظَّاهِرِ، وَأَنَّ أَمْرَ السَّرَائِرِ إِلَى اللَّهِ»
یعنی اہلِ علم کا اتفاق ہے کہ دنیا میں احکام ظاہر کی بنیاد پر ہوں گے اور باطن کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے۔ صحیح احادیث بھی اسی اصول کو مضبوط کرتی ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ مجھے لوگوں کے دل کھول کر دیکھنے کا حکم نہیں دیا گیا، اور حضرت عمرؓ کا معروف قول صحیح بخاری میں ہے کہ وحی کا سلسلہ ختم ہو جانے کے بعد ہم لوگوں کو ان کے ان اعمال کی بنیاد پر جانچیں گے جو ہمارے سامنے ظاہر ہوتے ہیں۔ گویا اسلامی منہج نہ یہ ہے کہ ظاہر کو نظرانداز کر دیا جائے، نہ یہ کہ ظاہر کے کسی ایک ٹکڑے سے باطن کا پورا مقدمہ تیار کر لیا جائے۔


اس اصول کو آج کے سوشل میڈیا پر لاگو کیا جائے تو معاملہ بہت واضح ہو جاتا ہے۔ اگر کسی شخص پر "اسلام بیزاری" کا الزام لگانا ہے تو محض اس لیے نہیں کہ اس نے ہمارے پسندیدہ عالم، جماعت، مسلک، مذہبی رسم یا سماجی تعبیر سے اختلاف کیا۔ پہلے یہ دیکھا جانا چاہیے کہ اس شخص کی مجموعی تحریروں میں اسلام، قرآن، حدیث، رسول اللہ ﷺ، صحابۂ کرامؓ، اسلامی اخلاق اور دینی اقدار کے بارے میں رویہ کیا رہا ہے؟
پھر بھی فیصلہ ظاہر مواد تک محدود ہونا چاہیے: مثلاً یہ کہا جاسکتا ہے کہ "فلاں تحریر کا یہ استدلال اسلامی اصول سے متصادم ہے"۔۔۔ لیکن اس سے ایک قدم آگے بڑھ کر مصنف کے دل میں اسلام سے نفرت دریافت کر لینا ہمارے اختیار سے باہر ہے۔ یہی فرق علمی تنقید کو الزام تراشی سے جدا کرتا ہے۔


اس پس منظر میں خود راقم الحروف کی فیس بک ٹائم لائن اور ویب تحریروں کا ریکارڈ بھی سامنے رکھا جا سکتا ہے۔ مقصد اپنی دینداری کی سند پیش کرنا نہیں - اس کی نہ ضرورت ہے، نہ کوئی انسان خود اپنے باطن کا مصدق ہو سکتا ہے - بلکہ صرف یہ بتانا مقصود ہے کہ کسی شخص کی فکری سمت جانچنے کا منصفانہ طریقہ اس کی دستیاب تحریروں کو مجموعی طور پر پڑھنا ہے۔ مذہبی اخلاقیات، قرآن و حدیث، دعوت، صحابۂ کرامؓ، معاشرت اور دینی اختلاف سے متعلق گذشتہ کچھ عرصے کے دوران لکھے گئے میرے درج ذیل دس مضامین اسی ظاہری ریکارڈ کا حصہ ہیں۔


متذکرہ دس تحریروں سے ہر قاری کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ کوئی ان کے استدلال سے اختلاف کر سکتا ہے، حوالوں پر سوال اٹھا سکتا ہے، کسی نتیجے کو کمزور قرار دے سکتا ہے اور دلیل کے ساتھ سخت علمی تنقید بھی کر سکتا ہے۔ یہی صحت مند مکالمہ ہے۔
لیکن کسی شخص کے دستیاب فکری ریکارڈ کو نظرانداز کرکے محض ایک اختلاف کی بنیاد پر اسے "اسلام بیزار" قرار دے دینا علمی نقد نہیں، شخصی حکم ہے۔
اختلاف کا جواب اختلاف سے، دلیل کا جواب دلیل سے اور غلطی کا جواب تصحیح سے دیا جانا چاہیے۔ کسی کے دل میں اسلام کی محبت کتنی ہے اور بیزاری کتنی - اس آخری میزان کا اختیار بہرحال ہمارے ہاتھ میں نہیں!!

دس مضامین

1۔ دلیل کے ساتھ تنقید: اسلامی اخلاق کی حدود
اس مضمون میں قرآن کی سورۂ انعام، آیت 108 اور ابن کثیر، قرطبی، ابن عاشور اور دیگر اہلِ تفسیر کے حوالے سے یہ سوال اٹھایا گیا کہ کسی فرد، قوم، حکومت یا مخالف نظریے پر تنقید کی شرعی و اخلاقی حد کہاں تک ہے۔ بنیادی موقف یہ تھا کہ اختلاف اور تنقید اپنی جگہ، مگر سبّ، تحقیر اور ایسا اشتعال انگیز اسلوب جو مزید فساد کو جنم دے، اسلامی اخلاقِ گفتگو سے ہم آہنگ نہیں۔


2۔ تدبرِ حدیث اور تصحیحِ حدیث - دو الگ دائرے جو کبھی ایک نہیں ہو سکتے
اس تحریر کا مرکزی سوال یہ تھا کہ حدیث کو سمجھنا اور حدیث کی صحت پر حکم لگانا کیا ایک ہی علمی عمل ہیں؟ مضمون میں دونوں کے درمیان فرق قائم کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا گیا کہ نصوص پر تدبر ہر دور میں جاری رہتا ہے، لیکن جرح و تعدیل اور روایت کی تصحیح و تضعیف ایک باقاعدہ تخصصی علمی روایت ہے جسے محض شخصی تدبر کے مترادف نہیں بنایا جاسکتا۔


3۔ قرآن و حدیث میں تعارض کا سچ: عام مسلمان کا کیا حق؟
یہ مضمون اس تصور کا جائزہ لیتا ہے کہ اگر کوئی صحیح حدیث بظاہر قرآن سے متعارض محسوس ہو تو کیا عام قاری محض اپنے فہم کی بنیاد پر اسے رد کرسکتا ہے؟ اس میں یہ موقف پیش کیا گیا کہ سوال، اشکال اور تحقیق کا حق سب کو ہے، لیکن نصوص میں حقیقی تعارض کا فیصلہ لغت، حدیث، تفسیر، فقہ اور اصول سے واقفیت کا تقاضا کرتا ہے؛ بظاہر تعارض کا حل فوری انکار نہیں بلکہ علمی تحقیق اور اہلِ علم سے رجوع ہے۔


4۔ سبّ، الزام اور نصیحت: قرآنی رہنمائی اور اعتدال کی راہ
یہاں سبّ، تحذیر، جرح اور نصیحت کے باہمی فرق کو موضوع بنایا گیا۔ بنیادی سوال یہ تھا کہ کسی غلطی یا انحراف سے خبردار کرنا کہاں تک جائز علمی تنقید ہے اور کہاں سے وہ شخصی اہانت اور بدزبانی میں بدل جاتا ہے۔ مضمون میں قرآن، حدیث اور شارحین کی روشنی میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ تحذیر کا مقصد حفاظت و اصلاح ہے، انتقام اور تحقیر نہیں۔


5۔ گھر کا کام بیوی کی ذمہ داری ہے یا نہیں؟ احادیث کی روشنی میں
یہ مضمون ایک ایسے عائلی مسئلے کا جائزہ ہے جس پر موجودہ سماجی تصورات اور قدیم فقہی تعبیرات اکثر آمنے سامنے آجاتی ہیں۔ صحیح بخاری کی روایت، حضرت فاطمہؓ اور حضرت اسماءؓ کے واقعات اور ابن القیم و حافظ عراقی جیسے اہلِ علم کے اقوال کے ساتھ یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ آج اگر میاں بیوی دونوں معاشی ذمہ داری اٹھاتے ہوں تو گھریلو ذمہ داریوں کی تقسیم میں عدل اور عملی حالات کو کیسے ملحوظ رکھا جائے۔


6۔ علامہ البانیؒ کا دعوتی منہج: نرمی، حکمت، اور اسلامی تحریکوں پر توازن
علامہ ناصرالدین البانیؒ کے ایک مکالمے کی روشنی میں دعوتِ دین کے اس بنیادی اصول کو نمایاں کیا گیا کہ فکری اختلاف خواہ کتنا ہی شدید کیوں نہ ہو، دعوت کا اصل مزاج حکمت، موعظۂ حسنہ اور نرمی ہونا چاہیے۔ علامہ البانیؒ نے سورۂ نحل کی آیت 125 اور رسول اللہ ﷺ کے حضرت عائشہؓ کو نرمی اختیار کرنے کے ارشاد سے اسی دعوتی اخلاق پر استدلال کیا۔


7۔ اسلام میں ماہِ محرم: صحابہ کرامؓ، تاریخ اور عاشورہ کے اہم پہلو
یہ ایک کتابی تعارف ہے جس میں محرم، عاشورہ، واقعۂ کربلا، مشاجراتِ صحابہ اور صحابۂ کرامؓ کے مقام سے متعلق مضامین کا پس منظر پیش کیا گیا۔ اس کا مرکزی زاویہ یہ ہے کہ اسلامی تاریخ کے اختلافی واقعات کو جذباتی مناظرے کے بجائے اصل مآخذ، متعدد تاریخی مواقف اور صحابۂ کرامؓ کے احترام کے ساتھ سمجھا جائے۔


8۔ میلاد النبی اور پبلک کلچر
2023ء کی اس تحریر میں ایک غیر مسلم ساتھی سے مکالمے کے ذریعے مذہبی عقیدے اور معاشرتی یا "پبلک کلچر" کے درمیان فرق واضح کرنے کی کوشش کی گئی۔ مضمون کا مدعا یہ تھا کہ دوسرے مذاہب اور معاشرتی رسوم کے حامل لوگوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور سماجی تعلق قائم رکھتے ہوئے بھی مسلمان اپنے دینی تصور اور مذہبی حدود کو الگ اور واضح رکھ سکتا ہے۔


9۔ برائی کی اشاعت اور اس کی تشہیر کے نقصانات
اس مضمون میں قرآن کی روشنی میں یہ سوال اٹھایا گیا کہ معاشرتی برائی کی اصلاح کے نام پر اس کی مسلسل تشہیر کہیں خود اسی برائی کو معمول اور قابلِ قبول بنانے کا ذریعہ تو نہیں بن رہی؟ سماجی نفسیات کے پہلو کو سامنے رکھتے ہوئے استدلال کیا گیا کہ اصلاح اور تشہیر میں فرق ہے؛ کسی خرابی کے پھیلاؤ کا مبالغہ آمیز چرچا بعض اوقات اس کی قباحت گھٹانے کا سبب بن جاتا ہے۔


10۔ کرنے کے کام اور ہماری ترجیحات
یہ تحریر مذہبی زندگی میں ترجیحات کے عدم توازن کی طرف توجہ دلاتی ہے۔ مسجد اور روزمرہ زندگی کے چند مشاہدات کے ذریعے سوال اٹھایا گیا کہ بعض غیر ثابت یا ثانوی امور پر بحث میں توانائی صرف کرنے کے بجائے ان واضح اخلاقی اور عملی تعلیمات پر توجہ کیوں نہ دی جائے جو معتبر دینی نصوص سے ثابت ہیں - مثلاً دوسروں کو تکلیف نہ دینا، اپنے کام کو دیانت اور مہارت سے انجام دینا اور روزمرہ کردار کو بہتر بنانا۔


*****
از: مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
11/ستمبر/2026ء

Keywords: Islamophobia accusations, Islamophobia and Muslims, intellectual disagreement in Islam, Islamic ethics of disagreement, Islamic criticism ethics, false accusations in Islam, social media accusations, Islamic discourse, ethics of criticism in Islam, judging intentions in Islam, Islamic teachings on disagreement, respectful religious debate, adab al ikhtilaf, social media and Islam, Muslim intellectual debate, Islamic ethics on social media, religious tolerance and criticism
Islamophobia Accusations: Criticism or Character Assassination?
Accusing Muslims of Islamophobia: Where Intellectual Disagreement Ends and Unfair Labelling Begins

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں