یہ جو ہے زندگی: جب ستیش شاہ کے 30 سالہ تجربے نے دھوم مچائی - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2026/07/13

یہ جو ہے زندگی: جب ستیش شاہ کے 30 سالہ تجربے نے دھوم مچائی

Satish Shah’s 30 Years Experience Routine in Yeh Jo Hai Zindagi is Comedy Gold

"ہم کو تھرٹی ائرز کا ایکسپیرینس ہے!"
Humko 30 years ka experience hai


بیسویں صدی کی آٹھویں دہائی اور دودرشن کا مقبولِ عام مزاحیہ سیرئیل: "یہ جو ہے زندگی"۔۔۔
یہ قومی ٹی وی چینل "دوردرشن" کے اس سنہرے دور کی بات ہے جب جمعہ کی شام سڑکیں سنسان ہو جایا کرتی تھیں اور پورا ملک دوردرشن کے پرائم ٹائم سیرئیل 'یہ جو ہے زندگی' کے سحر میں گرفتار ہو جاتا تھا۔ اس لازوال سیریز کی ہدایت کندن شاہ نے دی تھی اور اس کی دوسری ہی قسط "صوفہ کم بیڈ" (Sofa-cum-Bed) طنز و مزاح کا ایک ایسا شاہکار تھی جس نے اچھے اچھوں کو ہنسنے پر مجبور کر دیا تھا۔ غالباً اسی دوردرشن سیرئیل کے ذریعے نامور اداکار ستیش شاہ (وفات: 25/اکتوبر 2025ء) نے ٹیلی وژن اور فلموں کی مزاحیہ اداکاری کے میدان میں اپنی نمایاں شناخت قائم کی۔ یہ سیرئیل ورما فیملی کی روزمرہ زندگی کے مختلف مسائل و معاملات کو ہلکے پھلکے معاشرتی طنز و مزاح کے انداز میں پیش کرتا تھا۔ شفیع انعامدار نے رنجیت ورما، سوورپ سمپت نے ان کی اہلیہ رینو ورما، راکیش بیدی (دھرندھر فیم 'جمیل جمالی') نے رنجیت کے سالے راجہ کا اور ستیش شاہ نے اس پورے سیرئیل کے دوران پچاس یا پچپن سے زائد مختلف النوع مزاحیہ کردار نبھائے تھے۔


متذکرہ "صوفہ سیٹ قسط" کی کہانی ورما فیملی کے گرد گھومتی ہے جو ایک ایسے فرنیچر کی دلدل میں پھنس جاتی ہے جو کبھی صوفہ بنتا ہے اور کبھی بیڈ، لیکن جب ضرورت ہو تو کچھ بھی بننے سے صاف انکار کر دیتا ہے۔ اس پر غضب یہ کہ یہ شاہکار فرنیچر پڑوسی بنگالی خاندان کا تھا جو غلطی سے ان کے گھر پہنچ جاتا ہے، اور اسی کنفیوژن کے باعث قہقہوں کا ایسا طوفان امڈ آتا ہے جو ناظرین کو ہنسی سے لوٹ پوٹ کر دیتا ہے۔
طنز و مزاح سے بھرپور افراتفری کے مرکز و محور ہردلعزیز کامیڈی اداکار ستیش شاہ تھے، جو اس قسط میں ایک ایسے فرنیچر سیلز مین اور ڈیلیوری منیجر کے روپ میں نمودار ہوئے جس کا "دامن صلاحیت سے خالی مگر خود اعتمادی سے بھرا ہوا" تھا۔ ستیش شاہ نے اس کردار میں مزاح کی ایسی ناقابل فراموش بجلیاں گرائیں جو آج بھی یاد کی جاتی ہیں اور کبھی کبھی تو کسی کے بڑبولے پن پر طعنہ کسا جاتا ہے کہ:
فلاں کو دیکھو، دعوے کر رہا ہے کہ اسے تیس سال کا تجربہ ہے، پورے تیس سال کا!
اس قسط میں ستیش شاہ کا مکمل وجود ایک طنز بن چکا تھا، جو گھر میں آنے والے معزز مہمان کے سامنے فرنیچر کو ٹھیک کرنے کے بجائے صورتحال کو مزید بگاڑتے چلے جا رہے تھے۔ صوفے کو بیڈ میں تبدیل کرنے کی ان کی مکینکل جدوجہد اور جسمانی حرکات و سکنات (فزیکل کامیڈی) نے ٹی۔وی اسکرین پر وہ جادو جگایا کہ ناظرین ہنس ہنس کر پیٹ پکڑنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ لیکن اس قسط کی سب سے بڑی جان ستیش شاہ کا وہ تکیہ کلام تھا جس نے تاریخ رقم کر دی۔ جب بھی کوئی گڑبڑ ہوتی، وہ پورے جاہ و جلال اور سنجیدگی کے ساتھ فرماتے:
"ہم کو 30 ایئرز کا ایکسپیرینس ہے!"
Humko 30 years ka experience hai


اس ایک جملے میں پنہاں طنز اور ستیش شاہ کے چہرے کی معصومیت نے دیکھنے والوں کو ہنسنے کھلکھلانے کا ایک مستقل بہانہ دے دیا۔ ان کا یہ "30 سالہ تجربہ" دراصل نااہلی کا وہ تمغہ تھا جسے وہ فخر سے سینے پر سجائے پھر رہے تھے۔ ڈرامے کے آخر تک جب صوفہ، بیڈ اور پڑوسیوں کا فرنیچر آپس میں خلط ملط ہو کر ایک گورکھ دھندا بن گیا، تب بھی ستیش شاہ اپنے اسی "تجربے" کے زعم میں مگن رہے اور ثابت کر دیا کہ کبھی کبھی کورا تجربہ بھی عوام کے نزدیک ایک بڑی تفریح بن سکتا ہے۔


نوٹ:
آج اس مشہور و مقبول ڈرامے کی یاد نہ جانے کیوں اچانک آئی؟ شاید فیس بک پر کسی جگہ احقر نے یہ پڑھ لیا ہو کہ: ہم کو فلاں فلاں میدان میں پورے 30 سال کا تجربہ ہے، پورے تیس سال کا۔۔۔ سمجھے تم؟ ہمارے سامنے زیادہ نکو اڑو پاشا، بچے ہو تم ابھی!!


*****
از: مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
13/جولائی/2026ء

Keywords: Yeh Jo Hai Zindagi, Satish Shah comedy, Doordarshan nostalgia, 1984 Indian sitcoms, Sofa cum bed episode, Satish Shah 30 years experience, Shafi Inamdar Swaroop Sampat, classic Hindi comedy serials, old Doordarshan serials, vintage Indian television
Yeh Jo Hai Zindagi: The Iconic Sofa-Cum-Bed Episode
Why Satish Shah’s 30 Years Experience Routine in Yeh Jo Hai Zindagi is Comedy Gold

1 تبصرہ: