شوہر کا حق اور عورت کی برتری: حدیث کا درست مفہوم - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2026/10/02

شوہر کا حق اور عورت کی برتری: حدیث کا درست مفہوم

Husband’s Rights in Islam: What the Hadith Really Means

پڑوسی ملک کی ایک مشہور فنکار خاتون نے کہا ہے کہ:

"میری امی نے بہت خوبصورت بات کی تھی کہ شوہر سے ہمیشہ ایک قدم پیچھے اور ایک قدم نیچے رہنا ۔۔۔"

ہمارے خیال سے یہ فقرہ عوامی طرز کا عامیانہ بیان ہے۔ جس کے مختلف صحیح/غلط مفاہیم نکالے جا سکتے ہیں۔


نبیﷺ کی ایک بہت مشہور حدیث کا مفہوم ہے: "اگر میں کسی انسان کو کسی انسان کے لیے سجدہ کرنے کا حکم دینے والا ہوتا تو عورت کو حکم دیتا کہ وہ اپنے شوہر کو سجدہ کرے"۔
حالانکہ حدیث کا مفہوم کچھ حدود و قیود کے ساتھ ہے، مگر حامیان اور مخالفین دونوں بیانیے کے انتہا پر چلے جاتے ہیں۔


مشكاة المصابيح (خطیب تبریزی) میں درج اسی حدیث کی شرح میں علامہ ملا علی قاری (مرقاة المفاتيح) کہتے ہیں: "سجدہ کامل درجے کی فرمانبرداری کی علامت ہے۔ یعنی شوہر کے حقوق کی کثرت کی وجہ سے یہ تعبیر آئی ہے، اور اس میں شوہر کے حق کے معاملے میں عورت کی اطاعت کی انتہائی تاکید ہے۔"
واضح رہے کہ ملا علی قاری نے یہاں "اطاعت" کو میاں بیوی کے باہمی تعلق اور شرعی حقوق کے دائرے میں بیان کیا ہے، یعنی شوہر کو بحیثیتِ شوہر حاصل حق کی وضاحت کی ہے۔ اس سے یہ مفہوم ہرگز اخذ نہیں ہوتا کہ عورت علم و دانش میں پیچھے رہے، اپنی ذہانت اور صلاحیت کو چھپائے، عملی زندگی میں اپنی کامیابیوں کو محدود کرے، اپنی رائے سے دست بردار ہو یا محض شوہر کی برتری قائم رکھنے کے لیے خود کو اس سے کم تر ثابت کرتی رہے۔


اسی طرح جامع ترمذی کی مشہور و مقبول شرح تحفۃ الاحوذی کے مصنف اور عظیم شارح عبد الرحمن محدث مبارکپوری اسی حدیث کے مفہوم کو حقِ زوج اور اس حق کے دائرے میں اطاعت کی انتہائی تاکید سمجھتے ہیں۔ (وَفِي هَذَا غَايَةُ الْمُبَالَغَةِ لِوُجُوبِ إِطَاعَةِ الْمَرْأَةِ فِي حَقِّ زَوْجِهَا)۔ مبارکپوری کی یہ تعبیر خاصی اہم ہے کیونکہ اگر حدیث کا مدعا عورت کی عمومی انسانی یا ذہنی کم تری ہوتا تو یہاں اس کی وضاحت کا موقع تھا۔ مگر شارح نے اسے "حقوق الزوجية" کے دائرے ہی میں رکھا۔
امام شوکانی (نیل الاوطار) کے نزدیک بھی اصل موضوع شوہر کے حق کی اہمیت اور اس کی غیر معمولی تاکید ہے۔
اسی طرح حافظ ابن حجر عسقلانی نے فتح الباری میں متذکرہ حدیث کی جو تشریح کی ہے، اس سے واضح ہوتا ہے کہ: حدیث کا مقصود شوہر کے حق کی غیر معمولی اہمیت اور اس کی ادائیگی پر زور دینا ہے، نہ کہ عورت کو عقل، علم یا صلاحیت کے اعتبار سے مرد سے کمتر قرار دینا۔


اسلامی نکاح میں شوہر اور بیوی انسانی عزت و قدر کے اعتبار سے اعلیٰ و ادنیٰ کے دو درجوں پر نہیں رکھے گئے، لیکن اس مساوات کا مطلب یہ بھی نہیں کہ دونوں کے ازدواجی فرائض اور اختیارات ہر معاملے میں یکساں ہیں۔ شریعت نے شوہر پر نفقہ، کفالت اور خاندان کی سربراہی کی ذمہ داری عائد کی ہے اور اسی نظم کے تحت اس کے بعض مخصوص حقوق بھی تسلیم کیے ہیں۔ اسی طرح بیوی کے بھی اپنے مخصوص حقوق اور ذمہ داریاں ہیں۔ جس ذمہ داری کو شریعت نے بنیادی طور پر کسی ایک فریق سے متعلق کیا ہو، محض "برابری" کے نام پر دوسرے کو لازماً اس میں برابر کا شریک قرار نہیں دیا جا سکتا۔ البتہ محبت، حسنِ معاشرت اور باہمی تعاون کے جذبے سے میاں بیوی کا ایک دوسرے کا ہاتھ بٹانا یقیناً پسندیدہ ہے۔ مگر رضاکارانہ تعاون اور شرعی ذمہ داری دو الگ چیزیں ہیں۔
اسی تناظر میں زیرِ بحث حدیث شوہر کے حق کی غیر معمولی اہمیت کو نہایت تاکیدانہ انداز میں بیان کرتی ہے۔ عورت کو عقل، علم، قابلیت یا کامیابی میں مرد سے کمتر قرار نہیں دیتی۔ لہذا اچھی بیوی ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ عورت اپنی ذہانت، تعلیم یا صلاحیت دبا کر شوہر سے لازماً "ایک قدم نیچے" رہے۔ اور نہ اس عامیانہ فقرے کے ایسے مفہوم پر طنز کر کے اسلامی ازدواجی نظام میں شوہر کے مخصوص حقوق ہی کی نفی کی جا سکتی ہے۔ اسلام نہ عورت کی صلاحیت کو گھٹاتا ہے، نہ مساوات کے نام پر میاں بیوی کے جداگانہ حقوق و ذمہ داریوں کا فرق مٹاتا ہے۔


*****
از: مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
2/اکتوبر/2026ء

Keywords: husband rights in Islam, wife rights in Islam, husband and wife in Islam, Islamic marriage, marital rights in Islam, wife obedience in Islam, women status in Islam, women rights in Islam, husband wife relationship, hadith on husband rights, hadith about wife and husband, Islamic family system, gender equality in Islam, women intelligence in Islam, Islamic marriage responsibilities, Mulla Ali Qari, Tuhfat al Ahwadhi, Fath al Bari, Nayl al Awtar
Husband’s Rights in Islam: What the Hadith Really Means
Husband and Wife in Islam: Understanding Marital Rights, Obedience and Women’s Status in Hadith

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں