ہمارا تو خیال ہے کہ منسلک امیج امّار نعیمی صاحب کی طنز و مزاح پر مبنی پوسٹ ہے۔
ورنہ اعراب کے سہارے تلفظ، اردو زبان کی خوبی/خوبصورتی ہے اور انگریزی کی بدقسمتی کہ اس کے الفاظ کے تلفظ کے اصول بھی کم ہی انگریزی داں جانتے ہیں۔
اردو تلفظ تو متعدد لغات (فرہنگ آصفیہ، نور اللغات، فرہنگ عامرہ، فیروز اللغات۔۔۔) کے ذریعے جانا جا سکتا ہے اور آن لائن سیکھنے کی طلب ہو تو یہ معروف و مقبول صفحہ جوائن کر لیجیے:
@ Nadirkhansargiroh
کیا کوئی یہ بتانا پسند کرے گا کہ درج ذیل الفاظ میں حرف "پی" ساکن کیوں ہے؟
Psychology, Pneumonia, Pseudonym, Receipt
درج ذیل الفاظ میں شروع کے دو حروف مختلف تلفظ کیوں ادا کر رہے ہیں؟
Chemistry, Choose, Chef
درج ذیل تینوں الفاظ میں لفظ "ایس" کا تلفظ یکسر مختلف کیوں ہے؟
See, Rose, Sugar
درج ذیل الفاظ میں حرف "ٹی" کیوں جوکر بنا ہوا ہے کہ ہر لفظ میں تلفظ بدل بدل کر آ رہا ہے؟
Top, Nation, Question, Listen
درج ذیل الفاظ میں حرف "کے" تین جگہ خاموش بیٹھا ہے تو ایک جگہ کیوں اچھل اچھل کر نعرۂ تکبیر داغ رہا ہے؟
Knife, Knee, Know, kite
درج ذیل الفاظ میں "جی" صاحب کو آخر کیا پریشانی لاحق ہے کہ ہر جگہ تلفظ مختلف؟
Go, Giant, Sign
درج ذیل الفاظ میں "سی" صاحب کبھی ک، کبھی س تو کبھی چ کا تلفظ ادا کرنے پر کیوں مجبور ہیں؟
Cat, City, Cello
تو صاحبو!
سادہ سی بات ہے کہ انگریزی (رومن حروف) کا تلفظ صرف حروف دیکھ کر ہمیشہ معلوم نہیں کیا جا سکتا۔ لفظ کی اصل، تاریخی تبدیلی، حروف کی ترکیب اور مستند لغت۔۔۔ سب کو پیشِ نظر رکھنا پڑتا ہے۔
نوٹ:
احقر کی اس پوسٹ کے کوئی معزز قاری محترم "استاذ گرامئ قدر" بن کر مجھے سمجھانے نہ آ جائیں کہ درست نام "عمار" ہے۔ "امّار" ازراہ تفنن اس لیے لکھا گیا ہے کہ رومن حروف کے ذریعے اردو الفاظ سیکھنے کی کمزوری کو عیاں کیا جا سکے۔
ورنہ تو صرف ایک چھوٹے سے نام "سید" کی درست انگریزی اسپیلنگ لکھنے کے لیے مختلف ممالک کے ساکنان حیران پریشان بوران ہو جاتے ہیں۔
مصری : Saiyed
خلیجی عرب ممالک: Sayyed
برصغیری ممالک: Syed
اور تو اور شمالی ہند والے بچارے ماہرینِ لسانیات تو جنوبی ہند کے افراد کے ناموں کو دیکھ کر غچہ ہی نہیں کھاتے بعضے تو ٹھہرے ٹھہرے بےہوش ہو جاتے ہیں۔
*****
از: مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
12/اگست/2026ء
Why English Letters Sound Different: few Pronunciation Examples


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں