جماعت اسلامی ہند : زمینی سطح کی فعال مسلم تنظیم، مگر ۔۔۔
ہندوستان کی تمام مسلم مذہبی تنظیموں میں "جماعت اسلامی ہند" کو یہ فخر حاصل ہے کہ اس نے زمینی سطح پر مسلم معاشرے کی تربیت و اصلاح میں فلاح و بہبودی اقدامات کے ذریعے سرفہرست مقام حاصل کیا ہے۔ (ویسے دیگر جماعتوں، تنظیموں، اداروں کی فعالیت کا نہ انکار ہے اور نہ ہی انہیں ڈی-گریڈ کیا جانا مقصود ہے)۔
ہرچند کہ ذاتی طور پر ہمیں نہ جماعت کے مذہبی/سیاسی منشور سے اتفاق ہے، نہ جماعت کے بنیادی نظریے (اقامتِ دین) سے، (اور یہ بات بھی درست ہے کہ دیگر جماعتوں کی طرح کوتاہیوں، کمیوں، خامیوں سے یہ جماعت بھی مبرا نہیں)، لیکن۔۔۔ جماعت سے فکری و نظریاتی اختلاف رکھنے کے باوجود یہ کہنے میں جھجھک نہیں کہ ہم نے اپنے دور طالب علمی (1980ء کی دہائی) سے تاحال جماعت سے جڑے افراد کو اصلاح معاشرہ کی خاطر اکثر و بیشتر فعال ہی دیکھا ہے۔ اور بڑی بات یہ ہے کہ ان میں اعلیٰ تعلیم یافتہ باشعور اور سمجھدار افراد کی کثرت ہے۔
پچھلے دنوں جماعت اسلامی ہند نے حیدرآباد میں ایک اہم سمینار و نمائش کا کامیاب انعقاد عمل میں لایا، جس کا عنوان تھا:
ہم آہنگ معاشرے کی تعمیر کے لیے، ایک مشترکہ عزم
فرقہ وارانہ تقسیم سے آگے! آپسی نفرتوں کا خاتمہ اور ہم آہنگی کا فروغ، تجربات مختلف، انسانی اقدار مشترک۔
بےشک وطنِ عزیز کے موجودہ انتشار پسندانہ ماحول میں اس سے زیادہ اہم موضوع اور بھلا کیا ہو سکتا ہے۔
مگر ہم جماعت سے کہنا چاہتے ہیں کہ:
اے خانہ بر اندازِ چمن کچھ تو ادھر بھی!
کہنا صرف اتنا ہے کہ۔۔۔ بےشک تعلیم کے بعد دیگر شعبوں میں بھی اپنی خدمات کو جماعت نے توسیع دی ہے۔۔۔ آسان نکاح مہم، اجتماعی شادیاں، خاندانی مشاورتی مراکز، مساجد کمیٹیوں کے ذریعے انفرادی رشتوں کی معلومات۔۔۔ لیکن حیرت انگیز طور پر "دفتر پیامات" طرز کے ایک ٹھوس اور مستقل آف لائن یا آن لائن کاز کے قیام کی طرف ذمہ داران کی توجہ اب تک نہیں گئی ہے۔ ممکن ہے کچھ واٹس ایپ گروپ انفرادی/اجتماعی سطح پر چلائے جاتے ہوں، مگر بہرحال یہ ایک ایسی کمی ہے جس کی طرف فوری توجہ درکار ہے۔
رشتوں کی تلاش میں سرگرداں حیدرآبادی والدین اور سرپرست جانتے ہیں کہ غوث خاموشی چیریٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے "روبرو" ، ادارہ سیاست کی جانب سے "دو بدو" پروگرام ، "مبارک رشتے" نامی گراں تر آن لائن پلیٹ فارم، مسلم میڈیکوز کی جانب سے مخصوص (میڈیکوز رشتے) واٹس ایپ گروپس جاری ہیں۔
اور سب سے دلچسپ اور اہم خبر یہ ہے کہ سلفی/اہل حدیث گروپ کی جانب سے حال ہی میں ایک منفرد و مفید آن لائن پیامات پورٹل "سےنکاح (sayNikah)" ڈاٹ کام لانچ ہوا ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ حتیٰ کہ اس پورٹل پر وقتاً فوقتاً جس قسم کی نازک و اہم تبدیلیاں متعارف کروائی جا رہی ہیں، وہ واقعی وقت کا تقاضا ہے کہ اس قسم کے ایپ/پورٹل آگے چل کر ڈیٹنگ ایپ بن جاتے ہیں، جسے روکنے کی خاطر 'سےنکاح' ٹیم نے متعدد پابندیاں لگا رکھی ہیں۔
یہ سچ ہے کہ کسی بھی دوراندیش مسلم آن لائن (یا آف لائن) پیامات پروگرام کو بلالحاظ فرقہ/مسلک تمام امت کے لیے کھلا رکھنا چاہیے اور 'سےنکاح' ٹیم نے ایسا کیا بھی ہے۔ مگر ظاہر ہے کہیں نہ کہیں کسی جگہ مسلکی غیرت آڑے آ گئی ہے، شاید اسی بنا اس پورٹل پر مخصوص بائیوڈیٹا کی اکثریت نظر آتی ہے (اور اعلیٰ تعلیم یافتہ رشتے تو خال خال ہی نظر سے گزرتے ہیں)۔ خیر سے یہ ذیلی موضوع بھی ایسا نہیں کہ اس پر یہاں بحث کی جائے۔ ہم تو جماعت اسلامی کے ذمہ داران و محبان اور کارکنان سے صرف اتنا پوچھنا چاہتے ہیں کہ:
کیا یہ وقت کی ضرورت نہیں کہ۔۔۔ اسی طرز پر جماعت اسلامی ہند بھی "مسلم پیامات ایپ/پورٹل" بنانے کی طرف فوراً سے پیشتر توجہ دے؟
*****
از: مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
27/نومبر/2026ء


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں